ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : منکال وئیدیا کے خلاف بی جے پی کے بیان پر کانگریس کا پلٹ وار

بھٹکل : منکال وئیدیا کے خلاف بی جے پی کے بیان پر کانگریس کا پلٹ وار

Sat, 14 Dec 2024 11:45:58  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل ، 14 / دسمبر (ایس او نیوز) بی جے پی لیڈر سابق ایم ایل اے سنیل نائک نے مرڈیشور سمندر میں ملباگل کی طالبات کی غرقابی اور موت کے لئے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اور ضلع انتظامیہ پر نشانہ سادھتے ہوئے انہیں اس حادثے کے لئے براہ راست جو ذمہ ٹھہرایا تھا اس پر جوابی وار کرتے ہوئے کانگریس نے اسے بی جے پی لیڈروں کا ایک غیرذمہ دارانہ اور موت کے مسئلے پر سیاست کا رویہ قرار دیا ۔
    
بھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک نے کانگریس پارٹی دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرڈیشور کا حادثہ پیش آتے ہی وزیر منکال وئیدیا بیلگاوی سے مرڈیشور پہنچ گئے تھے ۔ انہوں نے اسپتال جا کر وہاں داخل کی گئی طالبات کی خبر گیری کرنے کے علاوہ طالبات کے لئے کھانے پینے اور رہنے کے انتظامات کیے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کرکے سمندر میں لاپتہ طالبات کی لاشیں تلاش کروانے کا انتظام کیا ۔ اس کے باوجود سابق ایم ایل اے سنیل نائک کی طرف سے وزیر منکال وئیدیا پر تنقید کرنا قابل مذمت ہے ۔ 
    
وینکٹیش نے بتایا کہ اس سے قبل بھٹکل میں ریت کی قلت کے سلسلے میں ہم نے دستاویزی ثبوت کے ساتھ دکھایا تھا کہ سپریم کورٹ کے گرین ٹریبیونل میں شکایت درج کرواتے ہی ریت کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے بی جے پی ذمہ دار ہے ۔ اس کے باوجود  بی جے پی نے مزدوروں کو بھڑکا کر احتجاجی  مظاہرہ کروایا ۔  
    
انہوں نے کہا کہ کورونا کے زمانے میں وزیر سدھاکر کے ساتھ لبادہ اوڑھ کر بیٹھنے والے رکن اسمبلی اب 'مچھلی میلہ' کے بارے میں بولنے لگے ہیں ۔ اگر ہم سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو اس کے لئے معافی مانگنے کے لئے ہم تیار ہیں ۔ کیا انہوں نے جو کیا ہے وہ صحیح ہے ؟
    
پریس کانفرنس کے موقع پر سریش نائک، نئینا نائک، ٹی ڈی نائک، گنپتی نائک، بھاسکر موگیر بیلکے، ناگیش نائک، رمیش نائک وغیرہ موجود تھے ۔


Share: